2023 دسمبر ، دنیا بھر میں کووڈ 19 سے لگ بھگ 10 ہزار اموات ہوئی: ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دسمبر 2023 میں دنیا بھر میں کووڈ 19 سے لگ بھگ 10 ہزار اموات ہوئی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ عالمی ایمرجنسی اب ختم ہوچکی ہے مگر کووڈ 19 وائرس اب بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کی تعطیلات اور کووڈ کی نئی قسم جے این 1 سے اس بیماری کے کیسز میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس اب بھی تبدیل ہوکر لوگوں کی اموات کا باعث بن رہا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے بتایا کہ اموات سے ہٹ کر نومبر کے مقابلے میں گزشتہ مہینے کووڈ 19 سے اسپتالوں میں داخلے کی شرح میں 42 فیصد جبکہ مریضوں کے آئی سی یو میں پہنچنے کی شرح میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا 50 سے کم ممالک پر مبنی ہے جن میں سے زیادہ تر یورپی اور امریکی ممالک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح ہے کہ دیگر ممالک میں بھی کیسز میں اضافہ ہوا ہوگا جن کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ اگرچہ 10 ہزار اموات وبا کے عروج کے مقابلے میں بہت کم ہیں، مگر ایسے مرض سے اموات ناقابل برداشت ہیں جس کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے دنیا بھر کی حکومتوں پر زور دیا کہ وائرس کی مانیٹرنگ اور سیکونسنگ پر کام جاری رکھا جائے۔

انہوں نے لوگوں پر بھی زور دیا کہ ضرورت پڑنے پر فیس ماسک کا استعمال کیا جائے جبکہ چار دیواری کے اندر ہوا کی مناسب نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔