اینٹی ڈپریسنٹس کو اچانک ترک کر دینا منفی نتائج کا باعث بن سکتا ہے

انگلینڈ: حال ہی میں ہوئے ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انسدادِ تناؤ ادویات (antidepressants) ترک کرنے والے مریضوں کو اکثر جذباتی اور سماجی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے بالخصوص وہ افراد جو ادویات اچانک لینا بند کر دیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو مریض اینٹی ڈپریسنٹس ادویات کو اچانک ترک کرتے ہیں، وہ جذباتی انتشار میں گرفتار ہوجاتے ہیں جس میں سماجی دوری، لاتعلقی کا احساس اور دوسروں کے لیے کم ہمدردی کا جذبہ شامل ہے۔

مطالعے کے لیے محققین نے ایسے 20 لوگوں کے ساتھ انٹرویو کیے جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے اندر Prozac جیسی اینٹی ڈپریسنٹس ادویات ترک کرنے کی کوشش کی تھی۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف باتھ کے سرکردہ محقق رقیب محمود نے بتایا کہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اینٹی ڈپریسنٹس چھوڑنے کے بعد مریضوں میں کچھ علامات اس قدر شدید تھیں کہ اہلخانہ اور دوستوں نے مریض کو بالآخر دوا لیتے رہنے پر راغب کیا ۔