پنجاب میں نمونیا کا مرض خطرناک شکل اختیار کرگیا اور 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 8 بچے انتقال کر گئے۔
پنجاب میں بچوں کے نمونیا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبےمیں 799 بچے نمونیا میں مبتلا اور8 بچے انتقال کر گئے۔
ڈیٹا کے مطابق اس دوران صوبے میں ایک ماہ تک کی عمر کے 37، دو ماہ تک کی عمر کے 68 ، تین سے 12 ماہ تک کی عمر کے 295 اور ایک سے 4 سال تک کی عمر کے 241 بچے نمونیا میں مبتلا ہوئے جبکہ اس دوران صرف لاہور میں نمونیا کے 108 نئے کیسز سامنے آئے۔
محکمہ صحت پنجاب نے مزید بتایا کہ رواں سال کے پہلے 21 دنوں میں صوبے میں نمونیا کے 8 ہزار 542 کیسز رپورٹ اور 180 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، اسی طرح دسمبر 2023 میں صوبے میں 9 ہزار 269 افراد نمونیا میں مبتلا اور107 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نمونیا کی علامات میں تیز بخار، سینے میں تکلیف، زور دار کھانسی، گلے میں درد، سانس کا تیز تیز چلنا، بھوک کا نہ لگنا، کھانسی یا بلغم نگلنے کی وجہ سے قے ہونا، تھکن سے چُور جسم، ذہنی اور جسمانی کمزوری اور معدہ یا پیٹ کا درد شامل ہیں۔