ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورۂ پاکستان کے بعد سری لنکا پہنچ گئے

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مختصر دورے پر سری لنکا پہنچ گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر آج مختصر دورے پر سری لنکا پہنچے ہیں۔ 2008 کے بعد کسی ایرانی صدر کا یہ پہلا دورۂ سری لنکا ہے۔ ابراہیم رئیسی کا یہ دورہ مختصر دورانیے کا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابراہیم رئیسی سری لنکا میں اماویہ ڈیم اور بجلی گھر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر آج کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تین روزہ دورۂ پاکستان مکمل کرنے کے بعد روانہ ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کیا۔

تین روزہ دورے کے دوران  ایران کے صدر نے صدر زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف  ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران  صدر ابراہیم رئیسی نے مزار قائد اور مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔