چین نے امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا

بیجنگ: چین نے اپنی 20 کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین نے روس کی عسکری، صنعتی اور توانائی کے شعبے کی ترقی میں مبینہ معاونت کرنے پر 20 چینی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کی بھرپور مخالفت کی۔

وزارت تجارت کے ترجمان ہی یادونگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چین نے ہمیشہ بین الاقوامی قانون کی کمزور بنیاد اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر ایسی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ دباؤ اور معاشی جبر کا ایک معمول کا اقدام ہے۔

یادونگ نے کہا کہ امریکہ نے روس کی نام نہاد معاونت کی وجہ سے چینی فرموں پر پابندیاں عائد کی ہیں اور ساتھ ہی اپنے مفادات میں ماسکو کے ساتھ تجارت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔