حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال ہوں گی:سعودی وزیر ٹرانسپورٹ

ریاض: رواں سال حج سیزن کے دوران فضائی ٹیکسیاں اور ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔

سعودی وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس صالح الجاسر نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حج 2024 میں جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیاں اورڈرونز کا استعمال کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عازمین حج کو  بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حج سیزن میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کا شعبہ انتہائی اہم ہوتا ہے۔ عازمین حج کی نقل وحمل کو منظم کرنے کے لیے مرتب شدہ جامع پروگرام کے تحت وقت مقررہ پرعملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حج امور میں لاجسٹک سپورٹ کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے جس کا بنیادی ہدف عازمین حج کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔