افغان صوبے بغلان میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 300 ہو گئی ، سینکڑوں افراد لاپتہ

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے اموات کی تعداد 300 ہو گئی جبکہ سینکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے افغانستان کے شمالی علاقوں میں ایک ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے ہیں ، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

افغان نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس کے نمائندے کے مطابق صوبہ بغلان کے 3 اضلاع میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے ، افغان حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دریں اثناء پاکستان نے افغانستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ، دفتر خارجہ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں۔