ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی۔ جس کے بعد صدر رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا، تدفین آبائی علاقے مشہد میں ہوگی۔
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایران نے امریکا سے مدد طلب کی تھی، تاہم امریکا لاجسٹک وجوہات کی بناء پر ایران کی درخواست کو قبول کرنے سے قاصر رہا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے ہفتہ وار بریفنگ میں مدد فراہمی سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ پینتالیس سال پرانا ہیلی کاپٹر خراب موسم میں استعمال کرنے کے فیصلے کی ذمہ دار ایرانی حکومت ہے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ایران پر لگائی پابندیوں کےلیے بالکل معذرت نہیں کریں گے، ایرانی حکومت پر پابندیاں جاری رکھیں گے۔