ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی : آیت اللہ خامنہ ای نے نمازِ جنازہ پڑھائی جس میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شرکت

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ وزیرِ خارجہ اور دیگر کی بھی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نمازِ جنازہ پڑھائی جس میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے بھی شرکت کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ میں 40 سے زائد اعلیٰ سطح کے غیرملکی وفود نے شرکت کی، غیرملکی وفود میں 10 سربراہانِ مملکت اور 30 سے زائد وزراء اور اعلیٰ عہدیدار شامل تھے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جسدِ خاکی کو تدفین کیلئے مشہد لے جایا جائے گا۔

حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینیوں اور مزاحمتی گروپوں کی جانب سے ایران اور اس کی قیادت اور عوام کو تعزیت پیش کرتے ہیں، صدر رئیسی سمجھتے تھے الاقصیٰ طوفان نے اسرائیل کے دل کو نشانہ بنایا۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صدر رئیسی فلسطینیوں کے مقاصد کے حصول تک حمایت کے لیے پُرعزم تھے۔