سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد ہی ایران کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ’’ارنا‘‘ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت 8 اعلیٰ حکام کی جاں بحق ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر سے ٹیلی فونک گفتگو میں تعزیت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران قائم مقام صدر محمد مخبر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران کا دورہ کرنے کی دعوت کی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر کو سعودی دورے کی دعوت دی۔
یاد رہے کہ سابق صدر ابراہیم رئیسی نے بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورۂ ایران کی دعوت دی تھی جسے انھوں نے قبول کرلیا تھا اور دونوں ممالک کے سفارت کار دورے کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے تھے۔
گزشتہ ایک برس کے دوران سعودی عرب اور ایران کے درمیان تلخیاں کم ہوتی جارہی ہے دونوں ممالک نے سفارت خانے کھول دیے ہیں اور یمن کی جنگ میں سیز فائر بھی انھی کوششوں کا نتیجہ ہے۔