پی آئی اے کی حج پرواز میں دھماکے کی آواز، ریاض میں ہنگامی لینڈنگ : طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹیمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی حج پرواز کو ہائی ٹمپریچر کی وارننگ کے باعث ہنگامی طور پر ریاض ائیرپورٹ پر لینڈ کرا لیا گیا۔

پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے حج پر جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ دوران پرواز طیارے میں دھماکے کی آواز سنی گئی، دھماکے کی اطلاع پر طیارہ جدہ سے موڑ کر ریاض ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد طیارے سے تمام مسافروں کو اتارکر لاونج میں منتقل کیا گیا۔

اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی حج پرواز رات 10 بجے کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی، دوران پرواز طیارے کے کارگو کیبن میں ہائی ٹیمپریچر کی وارننگ آئی، وارننگ کے بعد پرواز کو جدہ سے رخ تبدیل کرکے ریاض ائیرپورٹ پر اتارا گیا۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹیمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی اور پرواز کو دوبارہ جدہ روانہ کر دیا گیا۔