وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شینزن میں چین کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر چینی کمپنی اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
وزیراعظم شہبازشریف کے ہواوے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے ہواوے کمپنی کے چیئرمین لیانگ ہوا نے پرتپاک استقبال کیا، پاکستانی ملی نغمے بجائے گئے، وزیراعظم کو دورے کے دوران کمپنی کے حکام کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین ہواوے نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے ہواوے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور پاکستان کے مختلف شہروں میں ترجیحی بنیاد پر سیف سٹی منصوبے قائم کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے ہواوے ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیبیشن سینٹر کا دورہ کیا، چیئرمین ہواوے نے وزیراعظم کو ہواوے کے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں آپریشنز بارے آگاہ کیا اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ہواوے کے آپریشنز کی جدت کی تعریف کی اور ہواوے کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔
ایگزیبیشن سینٹر میں وزیراعظم کو مختلف شعبوں بالخصوص ای گورننس، ڈیجیٹل بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعظم نے ہواوے کے تعاون سے پاکستان میں بننے والے سیف سٹی منصوبوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی چیئرمین ہواوے کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین ہواوے کو حکومت کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ہواوے کو پاکستان کے مختلف شہروں بالخصوص ایسے شہر جن میں سی پیک منصوبوں پر کام جاری ہے ان میں ترجیحی بنیادوں پر سیف سٹی منصوبے قائم کرنے کی دعوت دی، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرکاری دفاتر کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا نظام، ای گورننس، مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ہواوے جیسی بڑی کمپنی کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہواوے کے چیئرمین کو پاکستان میں زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی، وزیر اعظم نے چیئرمین ہواوے کو جلد پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔
وزیراعظم نے ہواوے اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت ہواوے پاکستان کے 2 لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے بشمول مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مفت تربیت فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ ہواوے پاکستان میں سیف سٹیز کے قیام، ای گورننس اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن میں بھی بھرپور تعاون فراہم کرے گا، ہواوے کے چیئرمین نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔