مانیٹری پالیسی : سٹیٹ بینک کا شرح سود میں ایک اعشاریہ پانچ (ڈیڑھ) فیصد کمی کا اعلان : شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے بیس فیصد ہوگئی

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کااعلان کردیا، جس کے مطابق شرح سود میں 1.5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق شرح سود میں 1.5 فیصد کمی کی گئی جس کے بعد شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 20.5 فیصد ہوگئی ہے۔

مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے، مئی میں افراط زر 11.8 فیصد رہی جبکہ سخت زری پالیسی اور غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی تیزی سے کم ہوئی، مئی کے مہینے کا آؤٹ ٹرن توقعات سے زیادہ بہتر رہا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بجٹ اقدامات، بجلی اور گیس کے نرخوں میں تبدیلی سے مہنگائی کے منظر نامے کو خطرہ ہے، اس طرح، جولائی 2024ء میں مہنگائی کی موجودہ سطح میں نمایاں اضافے کا خطرہ ہے جبکہ مہنگائی مالی سال 2025 کے دوران بتدریج کم ہوتی جائے گی۔

واضح رہے کہ شرح سود 25 جون 2023 سے 22 فیصد پر برقرار تھی۔