افریقی ملک ملاوی کے نائب صدر ساؤلوس کلاؤس طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس بات کی تصدیق ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے کی۔
ملاوی کے صدر نے ٹی وی خطاب کے دوران بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے طیارے کا ملبہ دریافت کرلیا ہے اور اس پر سوار کوئی فرد زندہ نہیں بچ سکا۔
طیارے کے ملبے کو ملاوی کے شمال میں ایک پہاڑی علاقے کے جنگل میں دریافت کیا گیا۔
افریقی ملک ملاوی کے نائب صدر کا لاپتہ طیارہ ممکنہ طورپر گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
اس سے قبل ملاوی ڈیفنس فورس کے کمانڈر Paul Valentino Phiri نے بتایا تھا کہ نائب صدر ساؤلوس کلاؤس کا طیارہ ممکنہ طور پر چکنگوا کے جنگل میں گرکرتباہ ہوگیا ہے، مگر ابھی تک اسے دریافت نہیں کیا جاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ گھنا جنگل اور دھند ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ ہے۔
خیال رہے کہ اس طیارے میں ملاوی کے نائب صدر سمیت 10 افراد سوار تھے۔
یہ طیارہ دارالحکومت 10 جون کو لیلونگوے سے موزوزو جا رہا تھا اور اڑان کے کچھ دیر بعد ریڈار سے غائب ہوگیا جس کے بعد سے اسے تلاش کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے بہاماس کے لیے طے شدہ فضائی سفر بھی منسوخ کردیا۔
ملاوی کے صدر نے پیر کی شب عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'میں جانتا ہوں کہ یہ دل شکن صورتحال ہے مگر میں آپ کو یقین دلاتا ہے کہ طیارے کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور مجھے امید ہے کہ ہم سب افراد کو ڈھونڈ لیں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کے سگنلز کے مطابق اس طیارے کی آخری پوزیشن جنگل میں 10 کلو میٹر دور ریکارڈ کی گئی تھی اور اسی وجہ سے وہاں تلاش کا کام کیا جا رہا ہے۔
ملاوی کے صدر نے طیارے کی تلاش کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ امریکا اور برطانیہ سے بھی مدد طلب کی ہے۔