الجزائر سٹی: الجزائر سے 130 سالہ خاتون فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئیں جہاں ایئرلائن اور ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق 130 سالہ سارہ ہدیٰ کا ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے خیر مقدم کیا اور معمر ترین حاجی ہونے پر تحائف بھی پیش کیے۔
اس موقع پر سارہ ہدیٰ بہت خوش نظر آرہی تھیں اور اپنے استقبال کے لیے آنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مختصر گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ اللہ کے گھر پہنچ کر مسرت محسوس کر رہی ہوں۔
خوش قسمت سارہ ہدیٰ نے مزید کہا کہ میری خواہش تھی کہ ہمیشہ کے لیے آنکھیں بند ہونے سے پہلے ان آنکھوں سے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کا دیدار کروں۔
واضح رہے کہ رواں برس دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں حاجی مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ آج سے مناسک حج کا آغاز ہوگیا جب کہ کل یوم عرفہ ہے۔