مکہ مکرمہ میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کردیا گیا اور ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانیوں سمیت 20 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کا رکن اعظم ادا کیا۔
مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر بن حمد بن محمد بن المعیقلی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کو لوگوں کیلئے پسند کیا ہے، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اے لوگو! مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، اسلام کی تعلیم ہے کہ نہ کسی کو نقصان پہنچاؤ اور نہ ہی خود نقصان اٹھاؤ۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ کوئی کسی کو اذیت نہ پہنچائے، کسی کو اذیت پہنچانا گناہ کبیرہ ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، مومنوں کو تکلیف دینے والے کبھی فلاح نہیں پاسکتے۔
خطبہ حج کے اختتام پر ڈاکٹر ماہر بن حمد نے فلسطین کیلیئے خصوصی دعا بھی کرائی اور کہا کہ اس بابرکت موقع پر اپنے اور اپنے والدین اوراحباب کیلئے دعائیں کریں، بالخصوص فلسطینی بھائیوں کیلئے دعاکریں جن پرمصیبت برپاہے۔
شیخ المعیقلی نے کہا کہ دشمن کی شرانگیزی نے فلسطینیوں کا جینا محال کردیا، دشمن ارض فلسطین میں خونریزی اور فساد برپا کرنا چاہتا ہے، دشمن فلسطینیوں کے لوگوں تک اشیائے ضروری، غذائی امداد، دوائیاں اور کپڑے پہنچنے نہیں دے رہا۔
دوسری جانب عرفات میں ظہراورعصر کی نماز قصر ادائیگی کے بعد عازمین کی مزدلفہ روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا اور عازمین مغرب اور عشاء کی نماز مزدلفہ میں ادا کریں گے۔