سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازعید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی، مسجدالحرام میں شیخ عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا۔
عید کے خطبے میں قربانی کے فضائل پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو ایثار و قربانی کیساتھ ساتھ دیگر احکام الہٰی پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی گئی۔
تاہم سعودی عرب کی 12 ہزار سے زائد چھوٹی بڑی مساجد میں بھی عید الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات ہوئے جس میں سعودی شہریوں سمیت پاکستانی اور دیگر غیر ملکی شہری شریک ہوئے۔
نماز کی ادائیگی کے بعد فضا عید کی تکبیرات کے ورد اور اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھی، اس موقع پر اسلام کی سر بلندی، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، عید کی نماز کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔
افغانستان میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، پشاور میں افغان باشندوں نے نماز عید ادا کی۔
دوسری جانب پاکستان میں بسنے والی بوہری برادری بھی آج عید الاضحیٰ اپنے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد بوہری برادری کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ امریکا، برطانیہ، یورپ اور کینیڈا میں کچھ مقامات پر کل عید منائی جائے گی، پاکستان میں بھی کل بروز پیر عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔