بھارت میں اسرائیل کے سابق سفیر ڈینئیل کارمون نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 1999 میں کارگل جنگ کے دوران پاکستان کے خلاف بھارت کو ہتھیار فراہم کرکے اس کی مدد کی تھی اور اب نئی دہلی غزہ میں جاری اسرائیلی پیش قدمی میں مدد کررہا ہے۔
سابق اسرائیلی سفیر کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت کی جانب سے غیر اعلانیہ طور پر 27 ٹن دھماکہ خیز مواد سے لیس مال بردار جہاز بھارت سے اسرائیلی بندرگاہ پہنچنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
اسرائیل کے Ynetnews کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈینیئل کارمون نے کہا کہ اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس نے پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں ہمیشہ یاد رکھتا ہے کارگل جنگ کے دوران اسرائیل ان کے ساتھ تھا. بھارتی اس بات کو نہیں بھولتے اور (غزہ میں اسرائیلی جارحیت) میں احسان چکا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سفیر ڈینئیل کارمون 2014 سے 2018 تک بھارت میں اسرائیل کے سفیر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اسرائیل نے گائیڈڈ گولہ بارود اور ڈرون سمیت فوجی سامان اور سامان فراہم کیا۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق بھارت نے اسرائیل کو حیدرآباد میں تیار کردہ جدید ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے ہیں۔ جدید ہرمیس ڈرون کی تیاری کے لیے حیدرآباد میں خصوصی انتظام کیے گئے، تاہم اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے استعمال کے لیے 20 کے قریب ڈرون بھیجے گئے۔
دوسری جانب بھارت نے ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق نہیں کی ہے اور اب تک سابق اسرائیلی سفیر کے تبصرے پر ابھی تک کوئی رد عمل نہیں آیا۔