اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کے قیام کیخلاف قرارداد منظور کرلی گئی، اسرائیلی پارلیمنٹ کینسیٹ نے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایسی قرارداد منظور کی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے دو ریاستی منصوبے کے خلاف اسرائیلی پارلیمنٹ میں قراردار منظور کی گئی، فلسطینی ریاست کے قیام کیخلاف 68 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹ دیا جبکہ 9 اراکین نے قرار داد کی مخالفت کی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ قرارداد سے اسرائیلی اور عرب ممالک میں امن کیلئے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اسرائیلی طیاروں نے بے گھر فلسطینیوں کو بھی نہ بخشا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 90 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 10 روز میں اقوام متحدہ کے 8 پناہ گزین اسکولوں پر حملے کئے۔
سول ڈیفنس کے اہلکاروں کے مطابق وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر تازہ اسرائیلی حملے میں کم از کم 14فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں 24 گھنٹے کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔