بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دی گئی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کارگل جنگ کے 25 سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا وہ دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، بھارتی فوج دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دے گی۔
نریندر مودی نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان نے جتنی بھی غلط کوششیں کیں اسے منہ کی کھانا پڑی، بھارت امن کیلئے کوششیں کر رہا ہے لیکن بدلے میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنا ناقابل اعتماد چہرہ دکھا دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کو سبق سیکھنے کا درس دینے والے بھارت میں کرپشن اور دھاندلیوں کے پول کھولنے پر حکمران جماعت کی جانب سے یوٹیوبرز کی آوازیں کچلنے کا سلسلہ جاری ہے، بی جے پی کے ترجمان نے معروف بھارتی یوٹیوبر کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
دعوے میں بی جے پی لیڈر نے یوٹیوبر پر الزام لگایا کہ انہوں نے الیکشن کے دوران میڈیا پر غیر مناسب الفاظ میں تنقید کی جس سے تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے، رواں ماہ بی جے پی حکومت کے تحت مہاراشٹرا پولیس نے بھی یوٹیوبر دھرو راٹھی کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا تھا۔
بھارتی صحافی تنظیم کا کہنا ہے کہ بی جے پی دراصل اپنے کرتوت چھپانے کیلئے اظہار رائے کی آزادی کا گلہ گھونٹ رہی ہے، حکومت حق اور سچ کی آواز کو دبانا چاہتی ہے، گزشتہ ماہ بھی آزادیٔ حقِ اظہارِ رائے کے اصولوں کو توڑتے ہوئے سوشل میڈیا پر پابندی لگا دی تھی۔