برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں چاقو کے حملےسے 2 بچے ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 6 بچوں سمیت 8 افراد کی حالت نازک ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چاقو کے حملے میں ملوث 17 سالہ لڑکے کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ حملے میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 17 سالہ چاقو بردار حملہ آور نے لیورپول کے قریب ساؤتھ پورٹ کے علاقے میں ٹیلر سوئفٹ تھیمڈ یوگا اور ڈانس ورکشاپ کے دوران حملہ کیا، عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں یوگا اور ڈانس ورکشاپ میں شریک نوجوان لڑکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
برطانوی وزیراعظم نے واقعے میں جاں بحق بچوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے واقعے کو خوفناک قرار دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے لکھا کہ واقعہ انتہائی خوفناک اور دہلا دینے والا ہے، میری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ بروقت تحرک لینے پر میں پولیس اور ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کا شکر گزار ہوں، واقعے سے متعلق خبر گیری کر رہا ہوں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہیں تاہم واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
واضح رہے انگلینڈ اور ویلز میں چاقو کے حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے، برطانوی ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2023 تک 12 مہینوں میں چاقو سے حملوں کے 14 ہزار 577 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ برطانوی عام انتخابات میں کامیابی سے قبل جولائی میں برطانوی وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر وہ ملک میں بڑھتے ہوئے چاقو سے حملوں کے واقعات کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔