دوحہ: قطر کے دارالحکومت میں حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے ہزاروں سوگوار اشک بار آنکھوں اور آزادیٔ فلسطین کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ مسجد میں جوق در جوق جمع ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد فرزند اسلام شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ جس کے لیے دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے وفد بھی پہنچے۔
اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ وسیم ابو عثمان کی نماز جنازہ دوحہ کی عظیم مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی جب تدفین الوسیل کے قبرستان میں کی جائے گئی۔
اس موقع پر تا حد نگاہ لوگ ہی لوگ ہیں گویا انسانوں کا سیلاب اُمڈ آیا ہے۔ سوگواروں نے فلسطینی پرچم تھامے ہوئے ہیں اور فضا نعرۂ تکبیر اللہ اکبر اور کلمہ شہادت سے گونج رہی ہے۔
تمام راستے شرکا نم آنکھوں کے ساتھ امت مسلمہ کے عروج اور فلسطین کو صیہونی ریاست کے شکنجے سے آزادی دلانے میں اپنی جان قربان کرنے والے اسماعیل ہنیہ کو خراج تحسین پیش کرتے رہے۔