ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، وزارت خارجہ کا کرائسس منیجمنٹ یونٹ فعال

ایران میں زائرین کی بس کو حادثے کے بعد وزارت خارجہ نے کرائسس منیجمنٹ یونٹ فعال کر دیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی زائرین کے اہلخانہ کی معاونت کیلئے فون نمبرز جاری کردیے گئے ہیں۔

پاکستانی زائرین کے اہلخانہ معاونت اور معلومات کیلئے اسلام آباد کے نمبر 0519207887 اور کراچی آفس کے نمبرز03009310095، 0332755663 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان محکمہ خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ کا کرائسز منیجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے کام کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے شہر یزد کے قریب اوور اسپیڈنگ اور بریک فیل ہونے کی وجہ سے پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا تھا، بس حادثے میں 35 پاکستانی زائرین جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

ایران میں پاکستان کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پرکام شروع کرکے ایرانی حکام سےرابطہ کیا، ایرانی وزارت خارجہ کے حکام اور یزد کی مقامی حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستانی سفارتی حکام کو زخمیوں کی مدد کیلئے تہران سے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی میتیں جتنی جلدی ممکن ہوا واپس پاکستان بھیجیں گے۔