غزہ جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات پر مصر اور قطر کے ثالثیوں سے بات چیت کیلئے فلسیطنی مزاحمتی تنظیم حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کا وفد جنگ بندی مذاکرات پر بات چیت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ چکا ہے تاہم حماس کا وفد غزہ جنگ بندی پر اسرائیل سے براہ راست مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔
میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ حماس امریکی صدر بائیڈن کی مجوزہ تجاویز پر مشتمل معاہدے پر عمل درآمد کے مطالبے پر قائم ہے۔
ادھر بین الاقوامی جرائم کی عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کی درخواست پر عمل درآمد کا مطالبہ کر دیا۔
واضح رہے بین الاقوامی جرائم کی عدالت میں اسرائیلی اور حماس رہنماؤں کی گرفتاری کی درخواست مئی میں جمع کرائی گئی تھی۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں مزید 50 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ غزہ میں 50 سال بعد 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس سامنے آگیا ہے۔