اسرائیل کے ایران میں فضائی حملے، فوجی اہداف نشانہ بنائے گئے

اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کردیے، اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ یہ ایرانی حکومت کی جانب سے ’مہینوں سے جاری حملوں‘ کے جواب میں تھا۔

اسرائیل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ایران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔

ایکس اکاؤنٹ پر اسرائیل کی ڈیفینس فورسز کے بیان میں کہا گیا کہ ’ابھی اسرائیل کی ڈیفینس فورسز ایران میں فوجی اہداف پر حملے کر رہی ہیں.

دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا نے ابتدائی طور پر حملوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ کچھ آوازیں تہران کے آس پاس فضائی دفاعی نظام سے آئی ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تہران میں ایک شہری نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے پی کو بتایا’ کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس نے قریبی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا’۔

ایران کے سرکاری ٹی وی پر تازہ صورت حال میں بتایا گیا ہے کہ ’امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت تہران کے ایئرپورٹس پر آپریشن‘ معمول’ کے مطابق ہے’۔

اس سے قبل امریکا نے اسرائیل کو متنبہ کیا تھا کہ وہ جوہری اور تیل کے مقامات پر حملوں سے گریز کرے جس سے خطے میں تنازعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔