امریکا نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہ پاکستان میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم متاثرین اورانکےاہلخانہ کےساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ خطرات سے نمٹنے میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے، اور علاقائی سلامتی کے لیے ہمارا مشترکہ عزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔
ویدانت پٹیل سے ایک صحافی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر سوال کیا کہ، آپ کے خیال میں کیا سیاست کو کھیلوں سے ملانا درست ہے؟
جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کھیل یقینی طورپرایک طاقتوراورمربوط قوت ہے، امریکا نے ہمیشہ کھیلوں کی سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، کھیل بہت سارے لوگوں کو آپس میں جوڑتے ہیں۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات سے متعلق دونوں ملک خود بات کر سکتے ہیں، کیونکہ پاک بھارت تعلقات پر ہمارے لئے درمیان میں آنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔