ایک ہفتے کےدوران 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی ،17 میں معمولی اضافہ

ملک میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کے 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ،23 کی قیمتوں میں استحکام اور 17 کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔

مجموعی طور پر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر0.67 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر4.92 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 21 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کے 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا اس کے برعکس 17 کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔ 

گزشتہ ہفتہ کے دوران چکن کی قیمت میں 2.97 فیصد، دال چنا 1.70 فیصد، ایل پی جی 0.80 فیصد، دال مسور0.62 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول 0.40 فیصد، چینی 0.27 فیصد، آٹا0.25 فیصد، دال ماش 0.23 فیصد اور اری چاول کی قیمت میں 0.22 فیصدکی کمی ہوئی۔لیڈیز سینڈل کی قیمت میں 55.62 فیصد، ٹماٹر20.72 فیصد، آلو3.81 فیصد، لہسن 3.42 فیصد، انڈے 3.16 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 2.30 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 1.73 فیصد، سرسوں کا تیل 1.28 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 0.98 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 

صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیاجاتاہے۔