گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی اقدامات عارضی اور ہماری سکیورٹی کیلئے ہیں: اسرائیلی مندوب

اسرائیلی مندوب نے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی اقدامات کو عارضی قرار دیدیا۔

روسی سفیر نے سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا تاہم سلامتی کونسل شام کی علاقائی سالمیت اور اتحاد  کے تحفظ کی ضرورت پرکم وبیش متحد ہے۔

 اجلاس میں شریک امریکی سفیر کا کہنا تھاکہ ہماری توجہ اس پر مرکوز ہے کہ صورتحال کس طرف جا رہی ہے، دیکھیں گے کہ کوئی نگراں اتھارٹی آتی ہے جو شامی عوام کے حقوق اور وقار کا احترام کرے۔

دوسری جانب اسرائیلی مندوب نے سلامتی کونسل کو خط میں لکھا کہ گو لان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی اقدامات محدود اور عارضی ہیں، اسرائیل شام کے مسلح گروہوں کی لڑائی میں مداخلت نہیں کر رہا اور ہمارے اقدامات اپنی سکیورٹی کے لیے ہیں۔