بھارتی بحریہ کی اسپیڈ بوٹ کا ممبئی کے ساحل پر مسافر کشتی سے تصادم، 13 افراد ہلاک

بھارت کے دارالحکومت ممبئی کے ساحل پر 100 سے زائد مسافر کو لے جانے والی کشتی بھارتی بحریہ کی اسپیڈ بوٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 99 مسافروں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی بحریہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ ممبئی ہاربر میں انجن کی خرابی کے باعث بھارتی بحریہ کا بوٹ کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں مسافروں کی کشتی سے تصادم ہوگیا۔

مقامی ٹی وی چینلز نے فوٹیج میں دکھایا کہ کم از کم 5 افراد کو لے جانے والی کشتی مسافر گاڑی سے ٹکرا گئی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔

ایک مسافر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے بی پی ماجھا نیوز چینل کو بتایا کہ اسپیڈ بوٹ ہماری کشتی سے ٹکرا گئی اور پانی بھرنے سے ہماری کشتی الٹ گئی، ڈرائیور نے ہمیں لائف جیکٹس پہننے کی ہدایت کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں 15 منٹ تک تیرتا رہا، جس کے بعد دوسری کشتی نے مجھے ریسکیو کیا۔

برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ نجی مسافر کشتی ممبئی کے ساحل سے دور ایک مشہور سیاحتی مقام ’ایلیفینٹا غاروں‘ کی طرف جاتے ہوئے الٹ گئی۔