ویتنام: اسٹاف سے بحث کے بعد ایک شخص نے کیفے میں آگ لگادی، 11 افراد ہلاک

ہنوئی: ویتنام کے ایک کیفے میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں قائم ایک کیفے میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  آتشزدگی کے واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ 7 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ 

ویتنامی حکام کا بتانا ہے کہ انہوں نے کیفے سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے جس نے کیفے میں آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے۔ 

گرفتار شخص نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ کیفے کے اسٹاف سے ہونے والی بحث کے بعد پیٹرول کی مدد سے وہاں آگ لگائی۔