دنیا بھر کے مختلف ممالک میں 23ہزار 456 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، تفصیلات سینٹ میں پیش

بیرون ممالک جیلوں میں قید ہاکستانیوں کی تعداد کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں، 23 ہزار 456 پاکستانی دنیا بھر کے مختلف ممالک کی جیلوں میں ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی قیدیوں کی بڑی تعداد خلیجی ممالک میں ہے،سعودی عرب میں 12 ہزار 156، متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 292،یونان کی جیلوں میں 811 پاکستانی قید ہیں۔

قطر میں 338 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مشنزسے10سالہ اعدادوشمار لینے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔

وزارت خارجہ نے سینیٹ میں سعودی عرب کی جیلوں سے رہا پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار بھی جاری کئے ہیں، وزارت خارجہ نے اپنے جواب میں کہا کہ 2019سے اب تک سعودی عرب سے رہا پاکستانیوں کی تعداد 7 ہزار 208 ہے۔

2019 میں 545 قیدیوں کو رہا کیا گیا، سعودی عرب سے 2020 میں 892 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا، 2021 میں 916 پاکستانی قیدی سعودی جیلوں سے رہا ہوئے، سعودی عرب سے 2022 میں ایک ہزار331، 2023 میں ایک ہزار 394 قیدی رہا ہوئے۔

گزشتہ سال سعودی عرب کی جیلوں سے 2 ہزار 130 قیدیوں کو رہا کیا گیا، جواب میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارتخانے کے زیر انتظام 2019 سے 2 ہزار 907 قیدی رہاہوئے جبکہ جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کے زیر اہتمام 4 ہزار 301 قیدیوں کو جیلوں سے رہائی حاصل ہوئی۔