مشال یوسفزئی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

بشریٰ بی بی کی فوکل پرسن مشال یوسفزئی نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مشال یوسفزئی کا موقف ہے کہ میں بشریٰ بی بی کی فوکل پرسن ہوں لیکن مجھے عدالت کے اندر نہیں جانے دے رہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل نے جیل کے اندر اپنی ریاست قائم کی ہوئی ہے۔

مشال یوسفزئی کا موقف ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کر رہے اور نہ جیل مینوئل کو مان رہا ہے، میری تین سماعتوں سے اڈیالہ میں انٹری بلاک کر دی گئی ہے۔

درخواست میں مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے بہادری سے گرفتاری دی تھی، بشریٰ بی بی اپنے ساتھ سامان لے کر گئی تھی لیکن جیل حکام نے سامان کو روک لیا، جیل سپرنٹنڈنٹ نے سارا سامان اپنے کمرے میں رکھا ہوا ہے، ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہر محاذ پر لڑیں گے۔