اچانک عمران خان کےانتہائی قابل اعتماد بننے والے جنید اکبر کون ہیں؟

خیبرپختون خوا سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدارت کیلئے نامزد جنید اکبرگذشتہ 20 سال سے تحریک انصاف کے ساتھ وابستہ ہیں، 2013میں انھوں نے پہلی بارالیکشن لڑا اورجیت گئے، تاحال ممبر قومی اسمبلی ہیں۔

جنید اکبرکا شمارپاکستان تحریکِ انصاف کے دیرینہ کارکنان میں ہوتاہے۔ خیبرپختون خوا سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدارت کیلئے نامزد ممبر قومی اسمبلی جنیداکبرکا تعلق ضلع مالاکنڈکےعلاقے تھانہ سے ہے۔

جنید اکبرگذشتہ بیس برس سے پی ٹی آئی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف سے پہلے وہ کسی بھی سیاسی پارٹی کا حصہ نہیں رہے۔

اُنہوں نے سیاست کا اغاز پی ٹی آئی سے کیا، جنید اکبرسابق وفاقی وزیراورپیپلزپارٹی کے رہنما لال محمد خان کے رشتےداربھی ہیں۔

جنیداکبرنے پہلی بار2013میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرالیکشن لڑا اورجیت گئے۔ بعد ازاں 2018اور2022کا الیکشن بھی جیتا۔

رکن قومی اسمبلی جنید اکبراورعاطف خان سمیت دیگراہم رہنماؤں نے آج بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نےعلی امین گنڈا پورکو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹاکررکن قومی اسمبلی جنید اکبرکو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا صدر نامزد کیا۔

واضح رہےکہ گذشتہ روزقومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبربلا مقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی منتخب ہوئے۔

رہنماپاکستان مسلم لیگ (ن) طارق فضل چوہدری نےان کانام تجویزکیا، سینیٹرافنان اللہ نےبھی جنید اکبرکے نام کی تائید کی۔

تحریک انصاف کی طرف سے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمرایوب اورسینیٹ میں اپوزیشن لیڈرشبلی فرازنے بھی جنیداکبرکا نام تجویزکیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جنیداکبر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے قائد عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کے مجھے صوبائی صدر نامزد کیا، مجھےعلی امین، عاطف خان اور شاہ فرمان کے مشورے سے چنا گیا۔

انھوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیرئیرکا آغازگاؤں کی صدارت سے شروع کیا، مڈل کلاس کا بندہ ہوں اور یہ پوزیشن مجھے محنت کے وجہ سے ملی جس کی مثال دوسرے پارٹیوں میں نہیں ملتی، انشاءاللہ میں عمران خان اور کارکنان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تمام کارکنان میرے لیے ہمیشہ کی طرح دعا کریں۔