لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کھیلتا پنجاب گیمز کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں کھیلتا پنجاب گیمز کی مشعل روشن کی گئی۔
مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ پنجاب چیمپئنز سے بھرا پڑا ہے۔ اور پنجاب کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز پاکستان کی تاریخ کا بڑا ایونٹ ہے۔ پنجاب میں بچوں کو کھیلتا اور آگے بڑھتا دیکھنا چاہتی ہوں۔ اس سے قبل پنجاب میں کھیل کے میدان کئی سال سے ویران تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پیٹرول بم چلانے والوں کا ہتھیار کبھی نہ بننا۔ اور کبھی ملک کے خلاف کسی کے بہکاوے میں مت آنا۔ ایک کھیل ہوتا ہے اور ایک کھلواڑ۔
طلبا کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم طلبا کو لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیکس بھی دے رہے ہیں۔ جبکہ نوجوانوں نے کسی کے کہنے پر جلاؤ گھیراؤ نہیں کرنا اور ملک کے خلاف قدم نہیں اٹھانا۔