نیوزی لینڈ کے اوپنر راچن رویندرا کی انجری کے بعد سہ ملکی سیریز کے فائنل سے قبل کیویز کو بڑا دھچکا لگ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لیںڈ کے فاسٹ بولر پاکستان کیخلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل سے قبل ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر چیمپئینز ٹرافی اور سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کیوی فاسٹ بولر کو انجری کراچی میں ٹریننگ سیشن کے دوران ہوئی، جس کے بعد انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ پہلے ہی 3 ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ ٹیم کے ہمراہ ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صائم ایوب اور بھارت کے جسپرت بمراہ بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک سمیت کئی نامور اسٹار پلئیرز انجری اور فٹنس مسائل کے سبب چیمپئینز ٹرافی کا حصہ نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب افغان اسپنر اے ایم غضنفر بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ جنوبی افریقا کو فاسٹ بولر اینرک نورکیا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔