ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ میں پاکستان کی بڑی کامیابی

کراچی:

پاکستان نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر 22ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکواش چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ میں جاری چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں سیڈ 6 پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سیڈ 5 جاپان کو 1-2 سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

پہلے میچ میں انس علی شاہ نے اپنے حریف کو 0-3 سے مات دے کر پاکستان کو 0-1 کی سبقت دلائی، دوسرے میچ میں جاپانی کھلاڑی نے سخی اللہ ترین کو 1-3 سے زیر کرکے مقابلہ 1-1 کر دیا جبکہ تیسرے میچ میں عبداللہ نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدمقابل کو محض 30 منٹ میں کوئی گیم کھوئے بغیر 0-3 سے ہرا کر پاکستان کو 1-2 سے فتح دلوا دی۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ٹاپ سیڈ کوریا سے ہوگا، کوریا نے کوارٹر فائنل میں سیڈ 9 سنگاپور کو 0-4 شکست دی جبکہ دیگر کوارٹر فائنلز میں سیڈ2 ملائیشیا نے سیڈ 7 کویت اور سیڈ 4 بھارت نے سیڈ 3 میزبان ہانگ کانگ کو 0-4 کے یکساں اسکور سے ہرا دیا۔

چیمپیئن شپ میں ناقابل تسخیر پاکستان نے اپنے پول میچز میں چین، بھارت اور مکاو کو شکست سے ہمکنار کیا ہے۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت ہفتے کو فائنل میں ایک دوسرے کے مد مقابل آسکتے ہیں، ہانگ کانگ میں جاری 22 ویں قومی ایشین جونیئر ٹیم چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں سیڈ 6 پاکستان اور سیڈ 4 بھارت نے اَپ سیٹ کرکے کامیابیاں حاصل کیں۔

پاکستان نے سیڈ 5 جاپان اور بھارت نے سیڈ 3 میزبان ہانگ کانگ کو ٹھکانے لگایا۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ٹاپ سیڈ کوریا اور بھارت کا مقابلہ سیڈ2 ملائیشیا سے ہوگا، سیمی فائنلز میں کامیابی کی صورت میں پاکستان اور بھارت فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرا سکتے ہیں۔