اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی نے گرین انیشیٹو کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ آئی ایم ایف کو جمع کرادی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ رپورٹ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے طے کردہ اولین مطالبات میں شامل تھی، جس میں ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور اقتصادی منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات میں PSDP (پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام) کے اخراجات اور ممکنہ کٹوتیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ باضابطہ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا، جہاں پاکستان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف وفد کو تفصیلی بریفنگ دے گی۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی آئی ایم ایف کے ساتھ کل مزید اہم میٹنگز شیڈول ہیں، جن میں معاشی پالیسی کے مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔