منفرد انداز میں پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی رونمائی

کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کی ٹرافی کی رونمائی شاندار اور منفرد انداز میں کی گئی۔ پاک بحریہ کے تعاون سے غوطہ خور نے ٹرافی کو بحیرہ عرب کی گہرائیوں سے نکال کر فرنچائزز کے نمائندوں کے سپرد کیا، جس نے تقریب کو ایک یادگار لمحہ بنا دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، اس خوبصورت ٹرافی کو ’The Luminara Trophy‘ کا نام دیا گیا ہے۔ چاندی سے تیار کردہ اس ٹرافی میں 22 ہزار سے زائد زرکون کے پتھر استعمال کیے گئے ہیں، جو اس کی خوبصورتی اور انفرادیت کو مزید نکھارتے ہیں۔

روشن مستقبل کی نمائندگی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ ٹرافی نہ صرف لیگ کی میراث کی علامت ہے بلکہ اس کے روشن مستقبل کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ہمیشہ سے ٹیلنٹ، لچک اور کھیل کے جذبے کا مرکز رہا ہے اور یہ ٹرافی انہی خوبیوں کی علامت ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے شیڈول کا اعلان

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، جبکہ 8 اپریل کو پشاور میں نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے دوران 6 ٹیمیں 34 میچز میں حصہ لیں گی، جو 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہیں گے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 میچز ہوں گے، جن میں دو ایلیمنیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔ فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔