پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن اس وقت جاری ہو جب وہ عمران خان سے ملاقات کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدے ان کے لیے معنی نہیں رکھتے، اصل مقصد پارٹی کے لیے کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر حلقے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی گئی ہے جسے عمران خان کو پیش کیا جائے گا، اور یہ بھی معلوم ہے کہ پارٹی کے کڑے وقت میں کون ساتھ رہا اور کون نہیں۔
عالیہ حمزہ نے اعلان کیا کہ پنجاب میں جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی جس میں احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی میں مثبت چہرے سامنے آ رہے ہیں اور پارٹی ڈسپلن کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہ جیل میں کسی کی بات سنتی تھیں اور نہ اب سنیں گی۔ پہلگام واقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی سکیورٹی کی ناکامی ہے، پاکستان دہشتگردی کی کسی شکل کی حمایت نہیں کرتا۔
عالیہ حمزہ نے دوٹوک کہا کہ مائنس عمران خان کا کوئی فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا اور پی ٹی آئی آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
