پاکستانی فوج کے زیر استعمال جنگی لڑاکا طیارے جے ایف 17 اور جے 10 سی بنانے والی چینی طیارہ ساز کمپنی چینگ ڈو ائیر کرافٹ کارپوریشن کے شیئرز کی قیمت میں 18 اعشاریہ ایک آٹھ اضافہ ہو گیا۔
تجزیے کاروں کے مطابق شیئرز کی قیمت میں اضافہ پاک فضائیہ کی جانب سے ان طیاروں سے بھارتی طیاروں کو گرائے جانے کے بعد ہوا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سرمایہ کاروں نے پاکستانی جنگی طیاروں کو سراہا ہے۔
پاکستان کے پاس اس وقت 168 جے ایف 17 تھنڈر طیارے موجود ہیں جو کہ اس نے چین کے اشتراک سے تیار کیے ہیں جبکہ پاکستانی افواج کے پاس 25 جے 10 سی طیارے موجود ہیں جو کہ پاکستان نے خاص طور پر رافیل طیاروں کے توڑ کے طور پر 2021 میں حاصل کیے تھے۔
دوسری طرف بھارت کی فوج کے زیر استعمال فرانسیسی رافیل طیارہ بنانے والی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز تنزلی کا شکار ہو گئے۔
ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کی قدر میں 1.64 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جبکہ گزشتہ 5 روز کے دوران کمپنی کے شیئرز کی قدر میں 3.4 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات پر میزائل داغے، جس پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 جہاز اور 3 کمبیٹ ڈرون مار گرائے۔
پاک فضائیہ نے جن بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا ان میں فرانسیسی کمپنی کے تیار کردہ 3 جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
پاکستانی افواج کی جانب سے بھارت فوج کی کئی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا گیا جن کی ویڈیوز ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ کے چلائی تھیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف صرف دفاعی حملے کیے، پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب مناسب وقت اور منتخب مقام پر دینے کا اختیار محفوظ رکھتا ہے۔