سرحدی تناؤ، کراچی پولیس کو مکمل الرٹ رہنے کا حکم

کراچی: ملکی سرحدوں پر موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں کراچی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل آئی جی نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر سطح پر الرٹ رہیں، چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی جائیں اور تمام نفری کو ہیڈکوارٹرز میں موجود رہنے کو یقینی بنایا جائے۔ بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر نگرانی سخت کرنے اور پیٹرولنگ میں اضافہ کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
اجلاس میں افغان شہریوں کی واپسی، جعلی و فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشوں کے خلاف کارروائی، بلڈرز ایسوسی ایشن سے متعلق معاملات، نادرن بائی پاس مویشی منڈی کی سیکیورٹی، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشوں اور منظم جرائم کے خلاف اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ایڈیشنل آئی جی نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، قانون کی عملداری اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داریاں ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ناقابل قبول ہوگی۔