پشاور میں نوجوان پر پولیس تشدد کے خلاف احتجاج کیا گیا جب کہ مشتعل ہجوم نے تھانہ تہکال پر بھی دھاوا بول دیا۔ پشاور میں نوجوان کو حراست میں لے کر پولیس کے غیرانسانی تشدد کے خلاف اشتعال میں کمی نہ آئی جس پر پشاور میں دن بھر سڑکوں پر احتجاج جاری رہا۔
پشاور پریس کلب اور اسمبلی چوک میں مختلف تنظیموں اور عام شہریوں کی جانب سے احتجاج ہوتا رہا، مظاہرین کے بے قابو ہونے پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، کچھ مظاہرین نے پتھراؤ بھی کیا۔
سہ پہر کے بعد لوگوں کے ہجوم نے پولیس تھانہ تہکال پر دھاوا بولنے کی کوشش کی، پتھراؤ اور شیشے کی بوتلیں بھی پھینکیں جس کے بعد پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ دوسری جانب خیبر پختون خوا حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لئے جج کی تقرری کے لئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔