پشاور۔پشاور کی مقامی عدالت نے تہکال واقعہ میں گرفتار ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد تینوں ملزموں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پشاور سنٹرل جیل بھیج دیا۔
گزشتہ روز جب تین پولیس اہلکاروں توصیف،نعیم اور ظاہر اللہ کو علاقہ مجسٹریٹ فاروق شاہ کی عدالت میں پیش کیاگیا تو ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزموں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں یہ تینوں اہلکار ایک نوجوان پر انسانیت سوز تشدد کررہے ہیں جسکے بعد تھانہ تہکال میں ایک شخص کی بے حرمتی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پرمقدمہ درج کیاگیا۔
تاہم بعض قانونی ماہرین کی جانب سے درج دفعات پر اعتراض کے بعد ملزموں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی دائر کردیاگیا اس لئے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ ملزموں سے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے اور مزید دو تین دن کی جسمانی ریمانڈ کی اجازت دی جائے۔
تاہم عدالت نے موجودہ جسمانی ریمانڈ کو مکمل قرار دیتے ہوئے انہیں مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کردیا اور تینوں اہلکاروں کو 14دنوں کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا یاد رہے کہ تہکال واقعہ پر عدالت عالیہ نے نوٹس بھی لیاتھا جبکہ صوبائی حکومت نے جوڈیشل تحقیقات کا بھی اعلان کررکھا ہے۔