صوابی۔ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے نواحی علاقے زیدہ میں نوجوان نے گھریلو تنازعہ پر اندھا دھند فائرنگ کرکے والد، نانا اورماموں کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوابی کے تھانہ زیدہ میں محمد علی نامی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے کے قریب ان کا بھانجا عالم خان ولدعالمزیب خان گھر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر اس کے والد سراج محمد اور بھائی انور علی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد عالم خان اپنے گھر گیا اور فائرنگ کرکے اپنے باپ عالمزیب خان کو بھی قتل کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے واقعے کی وجہ گھریلو تنازعہ قرار دیا ہے۔ ملزم فرار ہے اور واقعے کی رپورٹ درج کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔