غیرقانونی مستقبل تاریک بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے مزید 188 افراد کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق ایف آئی اے اور کوئٹہ پولیس کی باہمی کوششوں سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے 188 افراد کو غیر قانونی طور پر یورپ جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے ۔
جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہیں ۔ پولیس نے مزید بتایاکہ ان افراد کو ایران سے متصل بلوچستان کے سرحدی علاقوںکی جانب سے منتقل کیا جانا تھا، اور یہ ایران جانے کے لیے کوئٹہ میں جمع ہوئے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کورونا کے حوالے سے سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد بلوچستان کے راستے ایک مرتبہ پھر انسانی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جولائی سے اب تک بلوچستان کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے پانچ سو سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور ایران میں پکڑے جانے والوں کی سالانہ اوسطاتعداد 20 ہزارسے 25 ہزار تک ہوتی ہے، جبکہ ایران میں پکڑے جانے والے پاکستانی شہریوں کو تفتان میں پاکستانی حکام کے حوالے کیا جاتا ہے ۔