پاکستان اور  نیدرلینڈ کے مابین 1 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا

اسلام آبا: نیدرلینڈ اور پاکستان کے مابین 1 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا۔

وزیراعظم کے قابل تجدید توانائی کے ویژن کی روشنی میں وزارت بحری امور کی متبادل توانائی کے شعبے میں پیش رفت سامنے آگئی ہے۔

نیدرلینڈ کی اے ڈبلیو ای سی ٹی اور آئی لینڈز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے مابین معاہدے کی تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

 اس موقع پروزیربحری امور اور پاکستان میں نیدرلینڈ کے سفیر سمیت وزرتِ بحری امور کے حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت کراچی کے بنڈل آئی لینڈ پر ٹھوس فضلے سے توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔

1 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سے لگنے والے منصوبے سے سمندری پانی کو بھی قابل استعمال بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر بحری امور علی  حیدرزیدی نے کہا کہ منصوبہ قابل تجدید توانائی کے وزیراعظم کے ویژن کے حصول کی جانب اہم قدم ہے۔

 ماحول پر مہلک اثرات ڈالنے والی گیسوں کے کم اخراج والا منصوبہ پائیدار ترقی کی جانب پیش قدمی میں معاون ثابت ہوگا۔

 انہوں نے کہاکہقابل تجدید توانائی کے حوالے سے نیدرلینڈز کی تحقیق و تجربے سے استفادہ کریں گے۔

 تاریخی منصوبے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے پر محترم سفیر کے شکرگزار ہیں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قومی وسائل کی تعمیر و ترقی کے مثبت اثرات عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔