خوردنی تیل، چکن کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت

 اسلام آباد:مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں مانیٹرنگ کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہونے کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت صنعت کو خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

 پیر کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور رسد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

 اعلامیہ کے مطابق وزیر صنعت و پیداوار، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصول، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری این ایف ایس اینڈ آر، سیکرٹری صنعت و پیداوار، چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی جبکہ چیئرپرسن سی سی پی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامرس، چیئرمین ٹی سی پی، منیجر کوآرڈینیشن یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی بھی شریک ہوئے۔

سیکرٹری خزانہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے رجحان پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق آٹا، چینی، پیاز، ٹماٹر اور آلو سمیت 13 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی  جبکہ 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ تھوک اور خوردہ صارفین کی قیمتوں میں منافع کا فرق بھی نیچے آرہا ہے۔

 صوبائی چیف سیکرٹریوں نے بتایاکہ ملک میں گندم کے وافر مقدار میں ذخائر دستیاب ہیں، سپلائی کی پوزیشن اور قیمتوں میں بہتری کی وجہ سے اشیائے ضروریہ بشمول گندم اور چینی کی قیمتیں بھی کم ہو رہی ہیں۔کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہونے کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 مشیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو چکن کی قیمتوں پر سختی سے نگرانی کی ہدایت کی۔مشیر خزانہ نے وزارت صنعت کو خوردنی تیل کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کے لئے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔