وزیراعظم نے نجی ایئرلائن ایئرسیال کا افتتاح کردیا

سیالکوٹ:وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی جانب سے شروع کی گئی ایئرلائن ایئرسیال کا افتتاح کردیا۔

 اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سیالکوٹ پہنچے، جہاں انہوں نے ایئرسیال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، ان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور ایئر سیال کے حکام موجود تھے۔

واضح رہے کہ لائسنس یافتہ ایئر لائن ایئر سیال سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے اراکین کی سوچ کا نتیجہ ہے جنہوں نے اپنے پہلے قدم سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

 اس سلسلے میں 29 نومبر کو ایئر سیال کے تین ایئربس اے 320-200ایس کے طیارے ایریزونا کے شہر فینکس سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچے تھے جس کے بعد انہیں سیالکوٹ لے جایا گیا تھا۔

ایئر سیال کے وائس چیئرمین فضل جیلانی نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم کے افتتاح کے فوراً بعد ہی ایئر لائن اپنے ٹکٹوں کی فروخت شروع کرے گی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اگرچہ 180مسافروں کی گنجائش کے حامل ایئربس اے 320-200 ایس 16 سال پرانے ہیں لیکن ان کی حالت کافی اچھی ہے اور انہیں نئی نشستوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اشرف ملک نے بتایا تھا کہ ایئر سیال اپنے آپریشنز کا آغاز کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سیالکوٹ آنے یا جانے والی پروازوں سے کرے گا۔