پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کو توانائی کے منصوبوں میں اربوں روپے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
منصوبوں میں تاخیر سے مجموعی طور پر 22ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی نے ہائیڈرو پاور سوات، کوہستان اور مردان کے منصوبوں کے حوالہ سے رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی ہے۔رپورٹ کے مطابق 2007میں شروع کئے گئے منصوبے 2017 میں بھی مکمل نہ ہوسکے۔ ان منصوبوں نے تین سال میں مکمل ہونا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ناقص منصوبہ بندی اور بجلی کی پیداوار اور فروخت نہ ہونے سے سات ارب 73کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔جبکہ انتظامی کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے 10ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
ٹھیکیداروں کو ایڈوانس رقم کی ادائیگیاں بھی کی گئی ہیں اور معاہدے کے برعکس مہنگے داموں ٹھیکے خریدے گئے ہیں اور اس مد میں 16کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ جبکہ امریکہ، برطانیہ اوردیگر ممالک میں ملازمین کی تربیت پر آٹھ کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی ہے۔