اسلام آباد:وزارت پٹرولیم کی جانب سے جنوری2021 کیلئے 30 فیصدسستی ایل این جی منگوانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ہفتہ کے روز ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن نے جنوری 2021 کیلئے 12 ایل این جی کارگوز کا انتظام کر لیا ہے، کچھ کارگوز میں اضافی ایل این جی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
جنوری 2021 کیلئے جنوری 2018 کی نسبت 30 فیصد زیادہ اور سستی ایل این جی منگوائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق سردی کی لہر بڑھنے سے سوئی ناردرن سسٹم میں سٹی لوڈ 9 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح سوئی سدرن کو کراچی اور کوئٹہ میں کم پریشر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تاہم کابینہ سے منظور شدہ لوڈ منیجمنٹ پلان کے مطابق سی این جی اور پاور کیپٹو یونٹ کی گیس بند کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا عوام سے اپیل ہے کی گیس کا استعمال سمجھداری سے کریں۔
ترجمان نے کہا گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے۔ گیس کمپریسر گیس پریشر میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے۔